وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس ، ریسرچ سینٹر پر جائزہ اجلاس

19

‎اسلام آباد، 16 اگست ( اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت جناح میڈیکل کمپلیکس اور ریسرچ سینٹر پر جائزہ اجلاس

‎ منعقد ہوا، جس میں چین کی معروف کمپنی ‎ہانگ کانگ-آوہوا کی جانب سے تیار کردہ ہسپتال کا کنسیپٹ ڈیزائن پیش کیا گیا۔

‎ہانگ کانگ میں قائم اس کمپنی کو گزشتہ تین دہائیوں کے دوران دنیا بھر میں 1000 سے زائد ہسپتالوں کے ڈیزائن تیار کرنے کا تجربہ حاصل ہے۔ کمپنی نے جناح میڈیکل کمپلیکس کا ڈیزائن بغیر کسی مالی معاوضے کے فراہم کیا، جسے وزیرِ اعظم نے پاک-چین دوستی کی روشن مثال قرار دیا۔اجلاس میں ہسپتال کے مجوزہ ڈیزائن پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

‎وزیرِ اعظم نے کہا کہ چینی کمپنی کی یہ کاوش دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط کی مضبوطی کا ثبوت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ تحفہ نہ صرف حکومت بلکہ پاکستانی عوام اور ہسپتال سے مستفید ہونے والے مریضوں کو ہمیشہ یاد رہے گا۔

‎وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کو عالمی معیار کے مطابق ٹرشری کیئر ہسپتال بنایا جائے، اور کمپنی کے تیار کردہ ڈیزائن کا ٹیکنیکل جائزہ بھی کرایا جائے۔ انہوں نے ہسپتال کے نظام میں ڈیجیٹائزیشن اور مصنوعی ذہانت کے استعمال پر زور دیا۔

‎وزیرِ اعظم نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ پیش کردہ ڈیزائن میں مستقبل میں کسی بھی وبا سے نمٹنے کی مکمل منصوبہ بندی بھی شامل ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ماحولیات کے تحفظ، پانی کی بچت، شمسی توانائی، قدرتی روشنی کے استعمال اور سبزہ کاری سے متعلق تجاویز کو بھی سراہا۔

‎انہوں نے جناح میڈیکل کمپلیکس کو اسلام آباد کے دیگر ہسپتالوں سے ڈیجیٹل نیٹ ورکنگ کے ذریعے منسلک کرنے کی بھی ہدایت دی، اور اس منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنانے پر زور دیا۔