اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) ویمنز ونگ کے زیر اہتمام   یوم آزادی، معرکہ حق تقریب کا انعقاد

18

‎اسلام آباد,16اگست  (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) ویمنز ونگ اسلام آباد  کی  صدر فرح ناز اکبر کی قیادت  میں  یوم آزادی، معرکہ حق تقریب کا انعقاد کیا گیا۔  ہفتہ  کو  یہاں منعقد ہ تقریب میں خواتین  کی ایک بڑی تعداد   نے شرکت کی اور  حب الوطنی اور پاکستان کے مستقبل کے لیے  عزم  کا اعادہ کیا۔

‎  تقریب کے موقع پر  قومی گیت  اور ملی نغموں  کی دھنوں پر  قومی پرچم لہرایا گیا  جس سے  ماحول  پرجوش ہو گیا۔  تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فرح ناز اکبر نے کہا  کہ  رواں  سال کا یوم آزادی محض جشن  ہی  نہیں تھا بلکہ معرکہ  حق کی یاد دہانی  بھی ہے جس نے پاکستان کو دشمن پر فیصلہ کن فتح دلائی۔

‎انہوں نے یاد دلایا کہ یہ وطن قائداعظم محمد علی جناح کے وژن ، علامہ اقبال کے فلسفے اور لاتعداد شہداء کے لہو اور قربانیوں سے معرض وجود میں آیا۔  انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی جدوجہد 1947 میں ختم نہیں ہوئی بلکہ آج بھی جاری ہے، قوم کی آزادی اور خود مختاری کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری ہے۔

‎فرح ناز اکبر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ خواتین ونگ مسلم لیگ (ن) کا دل و جان ہے،  خواتین کارکنان ہمیشہ اپنے قائدین کی حمایت میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کھڑی ہوئی ہیں ۔ انہوں نے عہد کیا کہ  شہداء کی قربانیوں کا احترام کرتے رہیں گے، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنائیں گے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے اور ایک خوشحال، مستحکم پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔تقریب  کا اختتام ’’معرکہ حق زندہ باد‘‘ ’’پاک فوج زندہ باد‘‘ اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے پرجوش نعروں سے ہوا۔