اوچ شریف ، 16 اگست ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بہاولپور کے نواحی علاقے اوچ شریف میں شہید کیپٹن محمد آصف کے گھر جا کر اہل خانہ سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
محسن نقوی نے شہید کیپٹن آصف کے والد، والدہ اور بھائیوں کے حوصلے اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے باہمت خاندان قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے شہید کی والدہ کو دلاسہ دیا اور شہید کے 10 ماہ کے بیٹے ارسلان سے شفقت کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے کیپٹن آصف کے اعزاز میں ملنے والے میڈلز اور ایوارڈز کا بھی معائنہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کیپٹن آصف نے بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، اور قوم ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔محسن نقوی نے کہا کہ شہداء ہمارے ہیرو ہیں، ان کے خاندانوں کا خیال رکھنا قومی فریضہ ہے، اور حکومت ہر قدم پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔











