لاہور، 21 اگست (اے پی پی):وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں بتایذ گیا کہ اسکیم کے تحت درخواست گزاروں کی تعداد 7 لاکھ 55 ہزار سے بڑھ گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری اداروں میں کم آمدن ملازمین کی سہولت کے لیے خصوصی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر کو اسکیم پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بلال یاسین نے بتایا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں، محکمہ صحت، تعلیم، پولیس، ریسکیو 1122، واسا اور دیگر اداروں میں خصوصی کاونٹرز قائم کیے جائیں گے۔ یہ کاونٹرز آن لائن ایپلی کیشن اور درکار دستاویزات کے حوالے سے سرکاری ملازمین کی رہنمائی کریں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کم آمدن والے تمام سیکٹرز کے ملازمین کو گھروں کی تعمیر کے لیے 15 لاکھ روپے تک بلاسود قرضے باآسانی فراہم کیے جائیں گے۔ اب تک 79 ارب 34 کروڑ روپے کی خطیر رقم مستحق خاندانوں میں قرضوں کی مد میں تقسیم کی جا چکی ہے جبکہ اقساط کی مد میں 1 ارب 37 کروڑ روپے کی ریکوری خزانے میں جمع ہو چکی ہے۔ وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے کہا کہ اپنی چھت، اپنا گھر اسکیم ہر سال شہر شہر، گاؤں گاؤں اور قصبوں میں اپنے نقوش چھوڑے گی اور کم آمدن والے خاندانوں کے خوابوں کو حقیقت میں بدلے گی۔