وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کا سیالکوٹ میں ممکنہ سیلابی صورتحال کا جائزہ

18

لاہور، 27 اگست  (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ پنجاب بلال یاسین نے رات گئے سیالکوٹ کے مختلف مقامات کا ہنگامی دورہ کیا اور ممکنہ سیلابی صورتحال اور نکاسی آب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید، پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر ہاؤسنگ نے ڈی جی واسا کو تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ کرنے کی ہدایت جاری کی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔ بلال یاسین نے کہا کہ پاک فوج، رینجرز، ریسکیو، پی ڈی ایم اے سمیت تمام اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ہنگامی حالات میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ آئندہ 48 گھنٹے نہایت اہم ہیں اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام مشینری کو فعال کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔