بونیر،18اگست(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے بونیر سیلاب زدگان کےلئے وزیراعظم ریلیف پیکج ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم کے حوالے کیا-
سامان میں خیمے، کمبل،7KVA جنریٹر، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن بیگز اور ادویات شامل تھے- انجینئرامیر مقام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق این ڈی ایم اے کا خیبر پختونخواہ کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ سول اور عسکری اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف خود ریلیف اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں اور جلد ہی متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔
انہوں نے بونیر میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شانگلہ، سوات، باجوڑ اور مانسہرہ میں بھی سیلاب سے شدید نقصان ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ “وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنے تمام وسائل سیلاب متاثرین کے لیے استعمال کر رہی ہے۔”
انہوں نے قوم کے اتحاد پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام ایک ہو چکی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔











