اسلام آباد، 25 اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی پشاور میں فیڈرل کانسٹیبلری کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ہمراہ ہنگو کے علاقے میں فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے میں شہید فیڈرل کانسٹیبلری کے 3 جوانوں کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔وفاقی وزیرداخلہ نے جام شہادت نوش کرنے والے نائیک صادق حسین۔ سپاہی عبدالغفار اور سپاہی زیور خان کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیاجبکہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید ، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا اور چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے بھی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔ شہدا کے جسد خاکی پر پھول چڑھائے گئے اور فاتحہ خوانی کی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے ملاقات کی دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور دلاسہ دیا۔وزیرداخلہ نے شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔
وزیرداخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے شہداء کے جسد خاکی کو کندھا دیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ شہداء کے خاندان ہمارے اپنے خاندان ہیں اور قوم ہمیشہ ان خاندانوں کی مقروض رہے گی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے فیڈرل کانسٹیبلری ہسپتال میں زیر علاج زخمی نائب صوبیدار کاشف کی عیادت کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے زخمی نائب صوبیدار کاشف کے بلند عزم اور جذبے کو سراہاتے ہوئے کہا کہ آپ نے جوانمردی کی لازوال مثال قائم کی اور دشمن کے حملے کو پسپا کیا۔انہوں نے کہا کہ جس دلیری سے آپ نے بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کا مقابلہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔ہم سب آپ کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید، کمانڈنٹ فیڈرل کانسٹیبلری نذیر گاڑا، سول انتظامیہ اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔