اسلام آباد – 27 اگست )اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب اور ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے صدر مساتو کانڈا کے درمیان اسلام آباد میں اہم ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزارت خزانہ، ایف بی آر، وزارت اقتصادی امور کے سینئر حکام اور اے ڈی بی کی اعلیٰ انتظامیہ شریک تھی۔
وزیر خزانہ نے اے ڈی بی کے صدر کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون اور شراکت داری پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان حالیہ سیلاب کے بعد موسمیاتی لچک بڑھانے اور آفات سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی خوشی کا اظہار کیا کہ اے ڈی بی کے صدر نے عہدہ سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے پاکستان کا دورہ کیا۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے بتایا کہ پاکستان نے چیلنجز کے باوجود معیشت کو مستحکم کیا ہے، مہنگائی میں نمایاں کمی آئی ہے، کرنٹ اکاؤنٹ بہتر ہوا ہے اور بین الاقوامی کریڈٹ ایجنسیز نے پاکستان کی درجہ بندی میں بہتری دی ہے۔
انہوں نے خواتین کی مالی شمولیت، وسائل کے بہتر استعمال، توانائی اصلاحات، ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ، زراعت کے بیمہ پروگرام اور انفراسٹرکچر منصوبوں میں اے ڈی بی کے تعاون کو سراہا۔ ساتھ ہی توانائی کی منتقلی، انسانی وسائل کی ترقی، سرمائے کی منڈی کی بہتری، گرین بانڈز، ڈیٹ فار نیچر سوآپ اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ جیسے شعبوں میں مزید تعاون کی خواہش ظاہر کی۔
وزیر خزانہ نے ٹیکس اصلاحات، ٹیرف میں اعتدال، سرکاری اداروں کی تنظیم نو اور ریگولیٹری ماڈرنائزیشن کے حوالے سے حکومت کے عزم کو دہرایا اور اے ڈی بی کو آنے والی کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹجی 2026–2035 میں قریبی تعاون کی دعوت دی۔
اے ڈی بی کے صدر مساتو کانڈا نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ بینک پاکستان کی ترقیاتی کوششوں میں تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے پانڈا بانڈ کے اجراء اور دیگر جدید فنانسنگ طریقہ کار میں بھی معاونت کی پیشکش کی۔ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔