اسلام آباد، 29 اگست (اے پی پی): وفاقی وزیر قانون و انصاف، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے آج بروز جمعہ رکن برطانوی ہاؤس آف لارڈز، لارڈ پال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین قانونی تعلیم کو بہتر بنانے اور قانونی اصلاحات کے شعبے میں گہرے تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر لیگل ایجوکیشن پاکستان، بیرسٹر اسامہ ملک بھی اس موقع پر موجود تھے اور انہوں نے قیمتی آراء پیش کیں۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے مضبوط قانونی اداروں، عالمی تعلیمی تبادلوں اور قانونی تربیت و اصلاحات میں بین الاقوامی بہترین عملی نمونوں کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ وفاقی وزیر قانون نے پاکستان میں معیاری قانونی تعلیم کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پائیدار اور مؤثر اصلاحات لانے کے لیے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
لارڈ پال نے پاکستان میں قانونی فریم ورک کو مضبوط بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور قانونی تعلیم، پالیسی سازی اور ادارہ جاتی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے برطانیہ کی دلچسپی کا اظہار کیا۔











