پاکستان اور وفاقی ریاستِ مائکرونیشیا کے مابین سفارتی تعلقات قائم

30

نیویارک، 15 اگست(اے پی پی): پاکستان اور وفاقی ریاستِ مائکرونیشیا — جو مغربی بحرالکاہل میں واقع ایک جزیرہ نما ملک ہے ،کے مابین آج نیویارک میں ایک تقریب کے دوران باضابطہ طور پر سفارتی تعلقات قائم ہو گئے۔

پاکستان کے مستقل مندوب برائے اقوام متحدہ سفیر عاصم افتخار احمد اور وفاقی ریاستِ مائکرونیشیا کے مستقل مندوب سفیر جیم ایس۔ لپوے نے ایک مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے جس کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو باضابطہ شکل دی گئی۔

یہ دستخطی تقریب پاکستان مشن برائے اقوام متحدہ میں منعقد ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات پاکستان کے یومِ آزادی کی سالگرہ کے موقع پر قائم ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ تعلقات انسانی وسائل کے انتظام، استعداد کار میں اضافہ اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے شعبوں میں تعاون کے نئے راستے کھولیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے مشن اقوام متحدہ میں عالمی امن و سلامتی کے فروغ سمیت اہم معاملات پر قریبی تعاون کریں گے۔

انہوں نے خوشی کا اظہار کیا کہ پاکستان وہ 100واں ملک ہے جس کے ساتھ وفاقی ریاستِ مائکرونیشیا نے اپنے تعلقات قائم کیے ہیں۔

اپنے کلمات میں سفیر جیم ایس۔ لپوے نے دو طرفہ تعلقات کے ایک نئے باب کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا۔