پاکستان کا قیام اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے، اس کی بنیاد میں لاکھوں مسلمانوں کا خون، خواجہ سلمان رفیق

19

لاہور، 6 اگست (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے یومِ آزادی کے حوالے سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا قیام اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے، مگر اس کی بنیاد میں لاکھوں مسلمانوں کا خون، کارکنان کی جدوجہد، اور ہماری ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عظیم قربانیاں شامل ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ “پاکستان دنیا کی پہلی نظریاتی ریاست ہے جو اسلام کے نام پر قائم ہوئی۔ آج جشنِ آزادی منانے کا اصل طریقہ یہ ہے کہ ہم جس شعبے میں بھی ہوں   چاہے وہ منبر ہو یا محراب، وزارت ہو یا کوئی عہدہ   ہمیں پوری تندہی اور ایمانداری کے ساتھ پاکستان کے لیے اپنا کام کرنا ہوگا۔

 خواجہ سلمان رفیق نے زور دیا کہ صرف تقریروں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، ہمیں عملی طور پر ایمان، شریعت اور قرآنِ مجید کی روشنی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ان شہیدوں کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے آئندہ نسلوں کے لیے ایک محفوظ، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان بنانے کے لیے متحد ہو کر جدوجہد کرنی چاہیے، کیونکہ ہم سب پاکستان ہیں اور یہ وطن ہم سب کا ہے۔

 صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر شہری کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا تاکہ ہم اپنے شہداء کے خون کو رائیگاں نہ جانے دیں اور پاکستان کو وہ بلند مقام دلائیں جس کا خواب بانیانِ پاکستان نے دیکھا تھا۔