پاکستان ہاؤس لزبن پرتگال میں پاکستان کے یوم آزادی اور فتح معرکہ حق کے حوالے سے تقریب

25

لزبن، 18 اگست (اے پی پی):پاکستان ہاؤس لزبن پرتگال میں پاکستان کے یوم آزادی اور فتح معرکہ حق کے حوالے سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد خالد اعجاز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یومِ آزادی کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالی اور قائداعظم محمد علی جناح اور پاکستان کی آزادی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سفیر نے پاکستان کی مسلح افواج کی معرکہ حق میں کامیابی،غیر معمولی جرات اور مہارت کو سراہا۔

 انہوں نے کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے پاکستان کی حمایت کا اظہار کیا۔

 سفیر نے عالمی برادری اور سول سوسائٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ پاکستان کے ہمسایہ ملک کی جانب سے سندھ طاس معاہدے (IWT) کی یک طرفہ معطلی کے خلاف آواز اٹھائیں۔

 تقریب میں چین، اسلامی جمہوریہ ایران، بنگلہ دیش کے سفیر و پاکستانی کمیونٹی کے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔