پنجاب حکومت کا ملاوٹ مافیا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن،10 ہزار لیٹر مضر صحت آئل تلف، مقدمہ درج

8

لاہور، 01 اگست (اے پی پی): پنجاب حکومت کی جانب سے ملاوٹ مافیا کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے سلسلے میں لاہور کے علاقے مولہنوال ملتان روڈ پر قائم ایک غیر قانونی آئل یونٹ پر بڑا ایکشن لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ نے اچانک چھاپہ مارا اور چربی و آلائشوں سے تیار ہونے والے 10 ہزار لیٹر مضر صحت آئل کو موقع پر تلف کرا دیا۔ چھاپے کے دوران یونٹ میں انتہائی ناقص، بدبودار اور غیر صحت بخش ماحول پایا گیا۔ گندگی، کوڑا کرکٹ اور آلائشوں کے ڈھیر کے درمیان غیرقانونی طور پرآئل تیار کیا جارہا تھا جسے ڈرموں میں پیک کر کے بازار میں سپلائی کیا جانا تھا۔ معاون خصوصی کے مطابق یونٹ بغیر کسی لائسنس کے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے کام کر رہا تھا۔ سلمیٰ بٹ نے بتایا کہ ضبط شدہ خام مال کو بھی موقع پر ہی تلف کر دیا گیا جبکہ یونٹ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ چربی اور آلائشوں سے تیار گندہ آئل صرف بائیو ڈیزل کی تیاری میں استعمال ہو سکتا ہے،اس کے لیے مکمل ریکارڈ رکھنا لازم ہے،جس کی یہاں سراسر خلاف ورزی کی گئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ خوراک کے نام پر زہر بیچنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ تمام مضر صحت اور ناقص خوراک کا کاروبار بند کیا جائے گا اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے”صحت مند پنجاب مشن” میں رکاوٹ بننے والوں کے لیے زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائی گئی ہے۔ سلمیٰ بٹ نے کہا کہ ملاوٹ مافیا خبردار رہے، پنجاب فوڈ اتھارٹی ہر قدم پر نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے سخت ترین اقدامات جاری رہیں گے۔