لاہور، 7 اگست (اے پی پی): پنجاب حکومت کے زیراہتمام “تاریخی اقلیتی ہفتہ” کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ اقلیتی ہفتہ 7 اگست سے 11 اگست 2025 تک منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور اقلیتی برادریوں کے کردار کو اجاگر کرنا ہے۔ افتتاحی تقریب لاہور کے تاریخی کیتھیڈرل چرچ آف پاکستان میں منعقد ہوئی، جس میں صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ، سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ، اقلیتی ممبران پنجاب اسمبلی، غیر ملکی سفارت کار، سول سوسائٹی اور اقلیتی نمائندگان نے شرکت کی۔ تقریب میں شرکاء نے پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور فضا “پاک فوج زندہ باد” کے نعروں سے گونجتی رہی۔ تقریب کے دوران رمیش سنگھ اروڑہ اور دیگر مہمانوں نے چرچ میں پودا لگایا، جبکہ بشپ ندیم کامران نے ملک کی سلامتی و ترقی کے لیے خصوصی دعاء کرائی۔ بین المذاہب رنگا رنگ قافلے نے اقلیتی ہفتے کی تقریبات کو علامتی طور پر یکجہتی کا پیغام دیا۔ قافلہ کیتھیڈرل چرچ سے روانہ ہوکر کرشنا مندر، گوردوارہ ڈیرہ صاحب اور بعد ازاں بادشاہی مسجد پہنچا۔ ہر مذہبی مقام پر قافلے کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور مختلف مذاہب کے رہنماؤں نے پاکستان کی ترقی، امن اور بھائی چارے کے لیے دعائیں کیں۔ قافلے کی قیادت صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ کر رہے تھے۔ مندر میں ہندو کمیونٹی اور گوردوارے میں پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ بادشاہی مسجد میں امام و خطیب مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے استقبال کیا اور دعاء کرائی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے مزار اقبال پر حاضری دی جبکہ مختلف مقامات پر درخت لگا کر ماحول دوستی کا پیغام بھی دیا گیا۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق سونیا عاشر، ایم پی اے بابا فیبلوس، شکیلہ آرتھر، ایمانوئیل اطہر، طارق گل اور دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ پنجاب حکومت کے تاریخی اقلیتی ہفتہ کی تقریبات پورے صوبے میں جاری ہیں، جن کا مقصد رواداری، اتحاد اور بقائے باہمی کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔











