پنجاب ہائی وے پٹرول نے سیلابی صورتحال میں پھنسے شہریوں کی مدد کے لیے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے

17

ملتان 31 آگست (اے پی پی ):پنجاب ہائی وے پٹرول نے سیلابی صورتحال میں پھنسے شہریوں کی مدد کے لیے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے ۔ ڈی آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول، ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے سیلاب سے متاثرہ اضلاع کے ریجنل آفیسرز اور ڈسٹرکٹ آفیسرز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فلڈ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کی براہِ راست نگرانی کریں اور متاثرہ شہریوں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔

پی ایچ پی کی ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں شہریوں کو ان کے قیمتی ساز و سامان اور مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کر رہی ہیں۔ بیٹ ایریاز میں قائم ریلیف کیمپس کو مکمل سکیورٹی اور بنیادی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ متاثرہ افراد کو کھانا، صاف پانی اور ادویات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول نے کہا کہ پی ایچ پی شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ریسکیو اداروں، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ قریبی کوآرڈینیشن میں کام کر رہی ہے۔ ریجنل آفیسرز اور ڈسٹرکٹ آفیسرز سیلاب زدہ علاقوں میں ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز کی خود نگرانی کر رہے ہیں تاکہ متاثرہ شہریوں کو بروقت اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے پنجاب ہائی وے پٹرول نے یقین دلایا ہے کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف سرگرمیوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔