پی ایچ اے کے زیر اہتمام ’’گرین لیگیسی انیشی ایٹو‘‘ کے عنوان سے گرینڈ ڈائیلاگ، ایتھوپین سفیر کی خصوصی شرکت

6

لاہور، 22 اگست(اے پی پی): پنجاب حکومت کے ادارہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کے زیر اہتمام آواری ہوٹل لاہور میں ’’گرین لیگیسی انیشی ایٹو‘‘ کے عنوان سے گرینڈ ڈائیلاگ منعقد ہوا جس میں ایتھوپیا کے سفیر جمال بکر عبدااللہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

تقریب میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین نے ایتھوپین مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ایتھوپیا کے سفیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے ایتھوپین حکومت پنجاب حکومت کے ساتھ گرین سیکٹر میں ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقدامات اور شجرکاری مہمات کے بھرپور آغاز کو زبردست الفاظ میں سراہا اور کہا کہ پاکستان اور ایتھوپیا تاریخی اور مذہبی حوالے سے برادر ممالک ہیں۔

وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈی فورسٹیشن کے بڑھتے واقعات کے باعث موسمیاتی تبدیلیوں نے پاکستان کو سخت متاثر کیا ہے۔ پاکستان کو رواں صدی میں ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا شدت سے سامنا ہے، کبھی سموگ کی صورت میں تو کبھی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کی شکل میں نقصانات روز بروز بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جنگلات کی بحالی اور شجرکاری کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔ لاہور میں ’’میاواکی فارسٹ‘‘ اور ’’لنگز آف لاہور‘‘ منصوبے شروع کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف ہوا میسر آ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مالی سال 2025-26 کے اختتام تک صوبے بھر میں 5 کروڑ 10 لاکھ مقامی پودے لگانے کا ہدف جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹیز قائم کی جا رہی ہیں تاکہ سبزہ بڑھانے، ماحولیاتی نظام کی بحالی اور زندگی کے معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔ بلال یاسین نے کہا کہ ایتھوپیا اور پاکستان مل کر اپنی عوام کے لیے زیادہ سرسبز اور صحت مند مستقبل تشکیل دے سکتے ہیں۔گرینڈ ڈائیلاگ میں ڈی جی پی ایچ اے، ماہرین ماحولیات اور طلباء کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔