چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ملاقات

12

اسلام آباد،15 اگست( اے پی پی ): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بروز جمعہ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ملاقات کی۔

اس اہم ملاقات میں ملکی سیاسی، معاشی اور سماجی استحکام کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخواکے عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خیبرپختونخوا پاکستان کا ایک نہایت اہم صوبہ ہے، جو اپنی جغرافیائی اہمیت، تاریخی کردار اور عوام کی بے مثال قربانیوں کے باعث ملکی سلامتی، استحکام اور ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے عوام نے قیام پاکستان سے لے کر آج تک امن، یکجہتی اور استحکام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں،جنہیں قومی تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر صوبے کی ترقیاتی ضروریات، درپیش چیلنجز اور سابق فاٹا کے ضم شدہ اضلاع کے مسائل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے قبائلی عمائدین کے ساتھ معاملات کی بہتری اور عوامی فلاح کے لیے اختیار کی جانے والی حکمت عملی سے بھی چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں تاکہ پائیدار ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔

چیئرمین سینیٹ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کی خوشحالی ہی پاکستان کے پائیدار مستقبل کی ضمانت ہے، اور وفاقی سطح پر ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

ملاقات میں نو منتخب سینیٹر محمد طلحہ محمود بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ کے چچا زاد بھائی سید تنویر الحسن گیلانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کی روح کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی۔