لاہور 18 اگست (اے پی پی(:چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے پاکستان کی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے ملاقات کی۔ ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے محسن نقوی کو نشانِ امتیاز ملنے پر مبارکباد دی اور ہاکی کے کھیل کی بحالی، پر ہاکی لیگ میں شرکت اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق امور سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ہاکی کھلاڑیوں کی ویلفیئر اور ری ہیب کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔محسن نقوی نے ہاکی کھلاڑیوں کے لیے دس لاکھ روپے فی کس انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ کھلاڑیوں کے میڈیکل و فٹنس کیسز کو پی سی بی کی پیشہ ورانہ میڈیکل ٹیم ہینڈل کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہاکی پلیئرز کے ویزا مسائل کو بھی حل کرایا جائے گا اور ہماری لوجسٹک ٹیم اس ضمن میں مکمل سہولت فراہم کرے گی۔ محسن نقوی نے ہاکی کے کھیل کی بحالی کے لیے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پرو ہاکی لیگ کے لیے قومی ٹیم کا کوالیفائی کرنا اعزاز ہے۔ قومی ٹیم کی پرو ہاکی لیگ میں شرکت کے حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کروں گا۔











