سکھر،05اگست(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی قیادت میں 5 اگست یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر میونسپل اسٹیڈیم سے سکھر پریس کلب تک یکجہتی ریلی نکالی گئی،ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر سٹی، اسسٹنٹ کمشنر نیو سکھر، ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن، مختلف سرکاری محکموں کے افسران، سیاسی، سماجی و مذہبی جماعتوں کے رہنما، اسکولوں کے طلبہ و طالبات، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاءنے ہاتھوں میں کشمیری پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیری عوام کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ فضا “کشمیر بنے گا پاکستان”، “ہم ہیں کشمیریوں کے ساتھی” اور دیگر قومی و یکجہتی پر مبنی نعروں سے گونج اٹھی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نادر شہزاد خان نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن کشمیری عوام پر ڈھائے گئے بھارتی مظالم کی یاد دلاتا ہے، جب بھارت نے یکطرفہ اقدام کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی، جو کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کے بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ ہر محاذ پر کھڑی ہے اور یہ حمایت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت حاصل نہیں ہو جاتا۔ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ یہ ریلی دنیا کو یہ پیغام دے رہی ہے کہ کشمیری عوام تنہا نہیں، پاکستان کا ہر فرد ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ریلی کے اختتام پر سکھر پریس کلب کے باہر شرکاءنے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مظلوم کشمیری عوام کی آواز کو عالمی سطح پر بلند کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔











