کوہلو ، 05 اگست (اے پی پی): یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کوہلو کی جانب سے ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ نے کی، جب کہ ایس پی کوہلو محمد شریف،ضلعی محکموں کے افسران، قبائلی عمائدین، طلبہ اور سول سوسائٹی کے اراکین کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر کوہلو ڈی جی خان شاہراہ تک پہنچی، جہاں ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے اور بھارت کے غاصبانہ اقدامات کی مذمت کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوہلو عظیم جان دومڑ اور ایس پی محمد شریف نے کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن تاریخ کا سیاہ باب ہے، جب بھارت نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق پامال کیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر سطح پر ان کی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بھارتی افواج کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے ایک سوالیہ نشان ہیں۔ ریلی کے اختتام پر شہداء کشمیر کے ایصال ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی جدوجہد کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔











