ڈپٹی کمشنر ملتان کا قاسم بیلہ فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ ، متاثرین سے مسائل دریافت کئے

3

ملتان30, اگست)اے پی پی ): ضلعی انتظامیہ کا شہریوں کے انخلاء کا ریلیف آپریشن بلاتعطل جاری ہے۔جس میں پولیس اور ضلعی ٹیمیں مصروفِ عمل ہیں۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے قاسم بیلہ فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا،متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل دریافت کئے۔ ڈپٹی کمشنر نے متاثرین سیلاب کے ساتھ کھانا کھایا اور بچوں میں تحائف تقسیم کئے۔اس موقع پر وسیم حامد سندھو نے بتایا کہ دریائے چناب میں بڑا ریلا ایک روز میں ملتان پہنچ سکتا ہے۔اس حوالے سے ضلع ملتان سے 3 لاکھ افراد کی نقل مکانی محفوظ مقامات تک کرائی جارہی ہے۔وسیم حامد سندھو  نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیلابی ریلے کی آمد سے قبل تمام شہریوں کو ریسکیو کرنا ترجیح ہے۔ضلع میں جلالپور پیر والا سمیت 38 فلڈ ریلیف کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔دریائے چناب میں طغیانی کے بعد آبادیوں کو بچانے کا پلان تشکیل بھی دے دیا ہے۔ٹیکنکل ٹیم ہیڈ محمد والا اور شیرشاہ بند کو بریچ کرنے کا فیصلہ کرے گی۔