ملتان، 31 اگست (اے پی پی ):ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے ہیڈ محمد والا بریچنگ پوائنٹ اور فلڈ بندوں کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے دریائی صورتحال پر بریفنگ لی اور تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے فلڈ ریلیف کیمپس کا دورہ بھی کیا اور متاثرین کے لیے قائم سہولیات کو چیک کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ تریموں پر 3 لاکھ 60 ہزار کا ریلا پہنچ چکا ہے جبکہ اگلے 36 گھنٹوں کے دوران دریائے چناب میں پانی کی سطح خطرناک ہونے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوئی تو بروقت بریچنگ کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ فلڈ ریلیف کیمپس میں متاثرہ افراد کی مکمل کفالت کے لیے سرگرم ہے جبکہ جانوروں کے چارے اور ادویات کا وافر ذخیرہ بھی مہیا کر دیا گیا ہے۔
وسیم حامد سندھو نے بتایا کہ حفاظتی بندوں پر ریسکیو 1122، پاک فوج، محکمہ آبپاشی اور دیگر محکموں کے کیمپ قائم ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔انہوں نے بیٹ کے رہائشیوں سے اپیل کی کہ وہ بروقت اپنی حفاظت کے لیے ضلعی انتظامیہ کے قائم کردہ فلڈ ریلیف کیمپس میں منتقل ہو جائیں تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔