ڈھاکا، 24 اگست ( اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ڈھاکا میں اسکوائر فارماسیوٹیکلز پی ایل سی کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر اور سینئر انتظامیہ سے ملاقات کی، جہاں انہیں بنگلہ دیش کی دواسازی صنعت کے سفر اور اس ترقی کو ممکن بنانے والی پالیسیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر نے ادارے کی سہولیات کا بھی دورہ کیا اور پیداواری عمل کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر کے ہمراہ وزارتِ تجارتِ پاکستان کے حکام نے بھی شرکت کی اور بنگلہ دیش، پاکستان اور تیسرے ممالک کے درمیان تجارتی بہاؤ کو مزید ہموار بنانے کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔
جام کمال خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی فارماسیوٹیکل صنعتیں علم کے تبادلے اور باہمی تعاون کے ذریعے مزید ترقی کر سکتی ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ دونوں ممالک میں مشترکہ منصوبے اور پالیسی تعاون سے نہ صرف دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جا سکتا ہے بلکہ علاقائی اور عالمی مارکیٹوں میں صحت عامہ کی ضروریات کو بھی بہتر طور پر پورا کیا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر کا اسکوائر فارماسیوٹیکلز کا یہ دورہ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان صنعتی اور تجارتی تعاون کو نئی جہت دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔