کامسٹیک میں ایتھوپیا۔پاکستان گرین ڈائیلاگ کی تقریب، ماہرہن کا گرین لیگیسی سے استفادے پر زور

9

اسلام آباد، 18 اگست (اے پی پی): پاکستان میں اسلامی تعاون تنظیم کی کی قائمہ کمیٹی  برائے سائنسی و ٹیکالوجی تعاون (کامسٹیک) اور ایتھوپیا کے سفارتخانے کے اشتراک سے ‘‘ایتھوپیا۔پاکستان گرین ڈائیلاگ: گرین لیگیسی سے اسباق’’  کے عنوان سے تقریب کامسٹیک سیکریٹریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب میں کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے  کہا کہ ماحولیاتی چیلنجز جیسے موسمیاتی تبدیلی، جنگلات کی کٹائی اور ماحولیاتی انحطاط سے نمٹنے کے لیے گرین ڈپلومیسی اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال باکر عبداللہ نے گرین لیگیسی مہم کے شاندار نتائج بیان کیے، جس نے دنیا بھر میں شجرکاری اور پائیدار اقدامات کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی خطرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے، اس لیے پارلیمانی سطح پر تعاون بڑھانا اور بہترین عالمی تجربات سے سیکھ کر مؤثر قانون سازی وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ایتھوپیا کے گرین لیگیسی ماڈل کو پاکستان کے لیے مشعلِ راہ قرار دیا۔

اس موقع پر مختلف وفود کے سربراہان اور معزز مہمانوں نے پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے علاقائی و عالمی تعاون پر زور دیا۔ تقریب کے دوران گرین لیگیسی ایوارڈز دیے گئے، علامتی شجرکاری کی گئی اور گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔