کمشنر عامر کریم خان کا مدنی پارک کا دورہ، خامیوں کے ازالے کا جائزہ

11

ملتان، 04 اگست (اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے مدنی پارک کا دورہ کیا اور گزشتہ دورے میں نشاندہی کی گئی خامیوں کے ازالے کا جائزہ لیا ۔

گزشتہ دورے کے دوران پارک میں صفائی، روشنیوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی ناقص صورتحال پر کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کینٹین اور جھولوں کے سیکشن کو سربمہر جبکہ متعدد ذمہ داران کو معطل کیا تھا آج کے دورے میں کمشنر عامر کریم خان نے پارک کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو مزید بہتری کے لیے ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے کہا کہ پارکس شہریوں کے لیے سکون، تفریح اور صحت مند سرگرمیوں کا ذریعہ ہیں، ان کی حالت بہتر بنانا انتظامیہ کی ترجیح ہے کمشنر نے موقع پر موجود شہریوں سے بھی براہِ راست گفتگو کی شہریوں نے پارک میں صفائی اور سہولیات کی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ دوسرے داخلی دروازے کو کھولنے کا مطالبہ بھی کیا اس پر کمشنر نے ہدایت دی کہ سیکیورٹی وجوہات کے تحت بند داخلی دروازہ بزرگ شہریوں کی سہولت کے لیے فجر کے بعد چند گھنٹوں کے لیے کھولا جائے۔

 انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی سرپرائز وزٹس کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ بہتری کے عمل کو برقرار رکھا جا سکے۔ ان کے ہمراہ ڈی جی پی ایچ اے کریم بخش اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔