کمشنر ملتان عامر کریم خاں کا ایس پی چوک سے گیلانی فلائی اوور تک جاری سڑک کی تعمیر پر معیار اور رفتار کا جائزہ لینے کیلئے سائیٹ کا دورہ

5

ملتان25 اگست) اے پی پی) کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے ایس پی چوک سے گیلانی فلائی اوور تک جاری سڑک کی تعمیر پر معیار اور رفتار کا جائزہ لینے کے لیے سائیٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف حصوں میں جاری بحالی اور تزئین و آرائش کے عمل کا تفصیلی معائنہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو مقررہ وقت میں ہر صورت مکمل کیا جائے اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ایک کلومیٹر طویل روڈ کی بحالی اور بیوٹیفکیشن کا منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ 26 ملین روپے مالیت کے اس منصوبے میں روڈ کارپٹنگ مکمل کی جا چکی ہے جبکہ روڈ فرنیچر، گرین بیلٹس اور بیوٹیفکیشن کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں جدید ڈیزائن اپنائے جا رہے ہیں تاکہ شہر کی خوبصورتی کو نمایاں کیا جا سکے اور شہریوں کو جدید سہولیات فراہم ہوں۔انہوں نے ہدایت کی کہ گیلانی فلائی اوور کے گرد گرین بیلٹس اور آئی لینڈز کی خوبصورتی کے کام کو مزید تیز کیا جائے جبکہ پی ایچ اے اس حوالے سے فوری اقدامات کرے۔ بجلی کے کھمبوں کو روڈ سے ہٹانے کے لیے میپکو کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے تاکہ ٹریفک کی روانی اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنایا جا سکے۔کمشنر عامر کریم خاں نے روڈ کے اطراف بنچز لگانے، ڈیوائیڈرز پر ریفلیکٹر نصب کرنے اور ٹائر بسٹر لگانے کی بھی ہدایت دی تاکہ ایک طرف شہریوں کو سفر کی بہتر سہولت فراہم کی جا سکے تو دوسری طرف ون وے کی خلاف ورزی کو روکا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ گیلانی فلائی اوور کے اطراف سلپ ویز کی کارپٹنگ مکمل کر لی گئی ہے جبکہ ان کے اطراف گرین بیلٹس کی تیاری اور بیوٹیفکیشن کا کام پی ایچ اے کے سپرد کیا گیا ہے۔اس موقع پر ڈی جی پی ایچ اے کریم بخش، ایکسئین ہائی ویز حیدر علی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے کمشنر عامر کریم خاں کو منصوبے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔