ملتان،2اگست (اے پی پی ): ڈویژنل انتظامیہ کا جشن آزادی تقریبات بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ،کمشنر ملتان عامر کریم خاں نے تمام محکموں کو جشن آزادی تقاریب کیلئے شاندار اہتمام کرنے کی ہدایت کر دی۔
ہفتہ کو یہاں کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت میں جشن آزادی تقریبات کے انتظامات کے سلسلے میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کمشنر ملتان نے کہا کہ ڈویژن بھر کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں جشن آزادی کے سلسلہ میں شاندار میوزیکل پروگرامز کرائے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ دیگر کھیلوں کی طرح لوکل سپورٹس کو بھی جشن آزادی کھیل مقابلوں میں شامل کیا جائے،سرکاری عمارتوں پر سجاوٹ،تقاریری مقابلے اور ثقافتی سٹال بھی لگائے جائیں،ڈویژن کی تمام مرکزی شاہراہوں پر سبز ہلالی پرچم کی بہار ہونی چاہیے،دخلی و خارجی راستوں پر قومی پرچم لگائے جائیں اور چراغاں کیا جائے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے پی ایچ اے کو جشن آزادی شجرکاری کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا وطن عزیز کو ماحولیاتی تبدیلی کا سامنا ہے، درخت لگانے ناگزیر ہیں۔!س دوران کمشنر عامر کریم خاں نے ڈویزن بھر میں کمرشل و نجی عمارتوں کی سجاوٹ کیلئے احکامات بھی جاری کئے۔
عامر کریم خاں نے کہا کہ شہر اولیاء میں قلعہ کہنہ پر رات بارہ بجے شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا جائے گا،ملتان میں جشن آزادی فلوٹ، ڈیجیٹل سکرینز لگائی جائیں گی۔کمشنر عامر کریم خاں نے ٹریفک پولیس کو یوم آزادی پر ٹریفک مینجمنٹ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی پر ون وہیلنگ، بغیر سلنسر موٹر سائیکل چلانے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کیا جائے،یوم آزادی پر کسی قسم کی ہلڑ بازی کی اجازت نہیں ہوگی۔