لاہور/اٹک، 24 اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ضلع اٹک کے علاقے فتح جنگ میں کھلی کچہری لگائی، جہاں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل پیش کیے۔گورنر پنجاب نے عوام سے ملاقات کی، انہیں گلے لگایا اور ان کے مسائل غور سے سنے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عہدوں سے نہیں بلکہ پاکستان اور عوام سے محبت کرتی ہے۔ عوام میں رہنا اور ان کے مسائل سننا پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے شیوہ رہا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ افواجِ پاکستان کے سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کو شکست دے کر قوم میں نیا جذبہ پیدا کیا ہے۔ ان کا نام پاکستان کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جا رہا ہے اور ہمیشہ لکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہری میں شریک غریب عوام بھی پاک فوج کے سربراہ کی خدمات کے معترف ہیں۔ جب تک میں گورنر پنجاب ہوں، غریب عوام کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا۔ اگر میں گورنر ہاؤس میں موجود ہوں اور کوئی گیٹ پر آجائے تو ایسا ممکن نہیں کہ وہ مجھ سے ملے بغیر واپس چلا جائے۔گورنر سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو اقتدار میں ہو یا نہ ہو عوام کے درمیان رہتی ہے۔ میرے کارکن اور جیالے میرا اصل اثاثہ ہیں۔ ان شاء اللہ اگلی حکومت عوامی مینڈیٹ سے پیپلز پارٹی کی ہو گی۔انہوں نے کہا کہ “میں گورنر بعد میں اور پیپلز پارٹی کا جیالا پہلے ہوں۔”