گورنر پنجاب کا بابو صابو ٹول پلازہ کے قریب ریلیف کیمپ کا دورہ، متاثرین میں امدادی سامان تقسیم

3

لاہور، 30 اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے شدید بارش کے دوران بابو صابو ٹول پلازہ کے قریب قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین میں کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ “میں اور میری پوری ٹیم میدان میں ہے۔” انہوں نے کہا کہ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ڈیمز بنانا وقت کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ میرے ڈیم بنانے سے متعلق بیان پر وزیراعظم نے فوری ایکشن لیا ہے۔ گورنر پنجاب نے اعلان کیا کہ ریلیف کیمپ میں روزانہ دو وقت کا کھانا فراہم کیا جائے گا۔ مزید کہا کہ ریڈ کریسنٹ کو پنجاب بھر میں متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں ریلیف کیمپس قائم کیے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ پوری قوم کو بھی چاہیے کہ وہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے میدان میں نکلے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے بری طرح متاثر ہے، اس لیے مستقبل میں ایسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مربوط پالیسی بنانا ناگزیر ہے۔ دریاؤں کے کناروں پر آبادیوں کے قواعد و ضوابط پر نظرثانی اور مؤثر نظامِ سزا و جزا قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ چیئرمین ریڈ کریسنٹ میاں حنیف نے بتایا کہ گورنر پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں ریلیف کیمپس قائم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہلالِ احمر پنجاب مختلف اضلاع بشمول لاہور، حافظ آباد، بونیر، قصور، مظفرگڑھ، راجن پور، نارووال اور منڈی بہاؤالدین میں ریلیف سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔ میاں حنیف نے مزید بتایا کہ کل سے کرتار پور میں ایک واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کیا جائے گا، جو روزانہ 12,000 لیٹر صاف پانی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔