اسلام آباد ، 11 اگست ( اے پی پی ):: چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سی ڈی اے کے ای اینڈ ایم ڈائریکٹریٹ ،ڈی ایم اے ، ایم سی آئی اور اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی اہم عمارتوں اور نمایاں مقامات کو یومِ آزادی اورمعرکہ حق کی تقریبات کے سلسلے میں خوبصورت اور رنگا رنگ روشنیوں سے سجا دیا ہے۔
ان روشنیوں کا اہتمام اس انداز سے کیا گیا ہے کہ نہ صرف عمارتوں کی خوبصورتی اُجاگر ہو بلکہ شہریوں اور سیاحوں کے لیے ایک پُررونق اور خوشگوار ماحول بھی پیدا ہو۔ یہ اقدام سی ڈی اے کی اُس پالیسی کا حصہ ہے جس کا مقصد قومی جذبے کو فروغ دینا، ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا اور شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس موقع پر کہا کہ یہ سجاوٹ پاکستان کے عوام کے اتحاد، حوصلے اور اُمیدوں کی علامت ہے، جو اسلام آباد کو ایک جدید اور دلکش دارالحکومت کے طور پر پیش کرتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی تقریبات شہریوں میں حب الوطنی کے جذبات کو مزید تقویت دیتی ہیں اور انہیں اپنے شہر کی خوبصورتی اور وقار کے تحفظ کے لیے متحرک کرتی ہیں۔
سی ڈی اے کی منعقدہ تقریبات میں شہری بھرپور شرکت کررہے ہیں۔ اور شہر کے خوبصورت مناظر کو دیکھ کر خوشی اور اپنے وطن کے روشن مستقبل پر فخر محسوس کر رہے ہیں۔











