یومِ استحصالِ کشمیر ، سیالکوٹ  میں پرچم کشائی تقریب، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش

14

سیالکوٹ ڈپٹی کمشنر  صبا اصغر علی کی   زیر قیادت   5 اگست یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پرڈپٹی کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جہاں ملک و قوم کی سلامتی، کشمیر کی آزادی اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے اور کشمیر کے ترانے سے کیا گیا، جس کے بعد سائرن بجایا گیا اور کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 5 اگست 2019 کا دن کشمیریوں کے استحصال اور انسانی حقوق کی پامالی کا سیاہ باب ہے بھارت نے آرٹیکل 370 اور 35A کو ختم کر کے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں، دوطرفہ معاہدوں اور عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کا نوٹس لے اور مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بحالی کو یقینی بنائے۔

بعد ازاں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ریلیاں، تقریری مقابلے اور مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا تاکہ نوجوان نسل میں کشمیریوں سے یکجہتی اور تحریکِ آزادی کشمیر سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ایوب بخاری، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر، ایس ڈی ای او پیرا افضل سکھیرا، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن ملک اعجاز اور سی ای او ایجوکیشن مجاہد حسین علوی بھی موجود تھے۔