بدین، 04 اگست (اے پی پی):بدین پولیس کی جانب سے 4 اگست یومِ شہدائے پولیس انتہائی عقیدت سے منایا گیا۔یومِ شہدائے پولیس کی تقریب ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈ کوارٹر بدین میں منعقد کی گئی۔
یومِ شہداء پولیس کے موقع پر شہداء پولیس کے ایصالِ ثواب کیلئے قرآنی خوانی کی گئی اور خصوصی دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی اور ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے پولیس ہیڈ کوارٹر بدین میں یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھول چڑھائے اور دعا کی۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈ کوارٹر بدین میں پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور قومی ترانہ پیش کیا گیا۔
ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی اور ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی نے دیگر پولیس افسران کے ہمراہ شہداء پولیس کے گھروں پر جاکر ان کی فیملیز کو گفٹ پیش کیے اور ان کی خیریت معلوم کی۔
یومِ شہداء کے موقع پر ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی اور ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی۔اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن شہداء پولیس کی یاد میں منایا جاتا ہے جنہوں نے ملک و ملت کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکہ سندھ پولیس کو سربلندی بخشی اور کہا کہ ہم اپنے شہداء کو کبھی بھول نہیں سکتے۔