یوم آزادی: ملک کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے عزم کی تجدید، دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا

15

‎اسلام آباد، 14 اگست (اے پی پی):
پاکستان  میں  یوم آزادی ملی جوش و جذبے اور تجدید عہد کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ قوم اس دن کو اس عزم کے ساتھ منا رہی ہے کہ ملک کو بانیانِ پاکستان کے خواب کے مطابق ایک حقیقی اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے تحریکِ پاکستان کے جذبے سے کام کیا جائے گا۔

‎یوم آزادی کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر فضا نعرہ تکبیر سے گونج اٹھی اور قومی  ترانہ بھی بجایا گیا۔

‎ملک بھر میں سرکاری و نجی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جن میں آزادی کے حصول میں دی گئی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے، اور مستقبل میں قومی ترقی و اتحاد کے عزم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔