اسلام آباد، 17 ستمبر (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی دعوت پر اسپیکر مالدیپ عبدالرحیم عبداللہ کی وفد کے ہمراہ بروز بدھ پارلیمنٹ ہاؤس آمدپر اسپیکر قومی اسمبلی نے مہمان وفد کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے مالدیپ کی عوامی مجلس کے اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ کی پارلیمانی وفد کے ہمراہ ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر دونوں رہنماؤں کا دوطرفہ پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت کے رشتوں میں جُڑے ہیں۔ خطے میں امن و ترقی کے فروغ کیلئے پارلیمانی سفارتکاری اہم ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسئلہ فلسطین اور کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں،عالمی برادری مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے کردار ادا کرے۔مسلم اُمہ کو فلسطین اور کشمیر کے عوام کے حق میں مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ہوگا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستانی فورسز اور عوام دہشتگردی جیسے ناسور کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں۔اسرائیل بھارتی گٹھ جوڑ خطے اور دنیا کے امن کے لیے بڑا خطرہ ہے۔ قطر پر اسرائیلی بمباری پر مسلم ممالک کی اجتماعی مذمت بروقت اقدام ہے، اسرائیل نے انسانیت کی تمام حدود پار کر دی ہیں،اسرائیل فلسطینی عوام کی نسل کشی کر رہا ہے،اسرائیل کی جانب سے خطے کے ممالک کی سرحدوں کی خلاف ورزی شرمناک فعل ہے، اسرائیلی ایجنڈا عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو ہر سطح پر پاکستان کی حمایت حاصل ہے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق نے بھارت کے خلاف پاکستان کی حالیہ فتح پر قوم اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔پاکستان کی کامیابی پوری قوم کے اتحاد اور افواج کی جرات و قربانیوں کا ثمر ہے۔بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان ہمیشہ سرخرو ہوا ہے۔سارک کو مزید فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کہا کہ پاکستان میں تجارت کے وسیع مواقع موجود ہیں،دوطرفہ رابطوں کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آئیں گے۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کہاکہ پاک ـ مالدیپ فرینڈ شپ گروپ دونوں ممالک میں پارلیمانی رابطوں کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ نے کہا کہ پاکستان آمد پر شاندار استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاکستان اور مالدیپ کے تعلقات برادرانہ اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔
اسپیکر مالدیپ نے کہا کہ پاکستان کا مسئلہ فلسطین و کشمیر پر دو ٹوک مؤقف قابلِ ستائش ہے۔
اسپیکر عبدالرحیم عبداللہ نے کہا کہ پارلیمانی سطح پر قریبی روابط عوامی سطح پر تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔











