اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی دعوت پر ازبکستان کی اولی مجلس کے اسپیکر نورالدین اسماعیلوف کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس آمد

11

اسلام آباد ستمبر 29 (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی دعوت پر ازبکستان کی اولی مجلس کے اسپیکر نورالدین اسماعیلوف کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس آمد پر اسپیکر قومی اسمبلی نے مہمان وفد کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے ازبکستان کی اولی مجلس کے اسپیکر نورالدین اسماعیلوف کی پارلیمانی وفد کے ہمراہ ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی تعاون سمیت اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں کا دوطرفہ پارلیمانی تعاون اور عوامی روابط بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق  کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت کے بندھن میں جُڑے ہیں ۔ خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے لیے پارلیمانی سفارتکاری ناگزیر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی سفارتکاری ممالک کے درمیان روابط بڑھانے کا اہم ذریعہ ہے۔

سردار ایاز صادق  نے معزز مہمانان کو آگاہ  کیا کہ سعودی عرب، ترکیہ، آذربائیجان اور ایران کے پارلیمانی وفود بھی اکتوبر میں پاکستان کی پارلیمان کا دورہ کر رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ازبکستان پاکستان کی اسٹریٹیجک پوزیشن سے فائدہ اٹھا سکتا ہے، گوادر اور کراچی پورٹ  اہم بندرگاہیں ہیں  جو ازبکستان کو دنیا سے جوڑ سکتی ہے۔

اسپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو حل کیے بغیر خطے میں دیرپا امن ممکن نہیں ، عالمی برادری مظلوم کشمیری و فلسطینی عوام کے حق میں فوری اور منصفانہ کردار ادا کرے، امتِ مسلمہ کو  کشمیر کے عوام کے حق میں مشترکہ حکمتِ عملی اپنانی چاہیے، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

سردار ایاز صادق نے ازبکستان کو آئی پی یو  کامیاب اجلاس کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ایاز صادق  کا کہنا تھا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والا سرِفہرست ملک ہے۔ حالیہ سیلاب میں این ڈی ایم اے کی کارکردگی قابلِ تحسین رہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور افواج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، اسرائیل کی جانب سے قطر پر بمباری اور دیگر مسلم ممالک کی سرحدی خلاف ورزیاں قابلِ مذمت ہیں۔

اسپیکر سردار ایاز صادق  کا کہنا تھا کہ حالیہ بھارتی جارحیت کا پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستان کا بلا جواز بھارتی جارحیت پر ردعمل متوازن اور نپا تلا تھا۔پاکستانی انجینئرز اور سائنس دانوں نے انڈیا کے مقابلے میں بھرپور کارکردگی دکھائی،پاکستان بھارت جنگ بندی، انڈیا کی درخواست پر ہوئی،حالیہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کی فتح پوری قوم کی یکجہتی اور افواج کی قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان نے ایران اور  قطر پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ پاکستان نے واضح طور پر افغانستان پر زور دیا کہ وہ اپنی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے،

اسپیکر سردار ایاز صادق  کا کہنا تھا کہ پاک،ازبک پارلیمانی فرینڈشپ گروپ دونوں ممالک میں پارلیمانی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اسپیکر نورالدین اسماعیلوف  نے پاکستان آمد پر شاندار استقبال اور گرمجوش میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاکستان کی شاندار ثقافتی و تمدنی روایات  قابل تحسین ہیں ،پاکستان کی معاشی اور معاشرتی ترقی کے لیے دعاگو ہیں۔

اسپیکر ازبکستان  کا کہنا تھا کہ پاکستان کی پارلیمان اپنے عوام کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے رہی ہے،پاکستان کی طرح ازبکستان بھی دہشت گردی کا شکار رہا ہے،پاکستان اور ازبکستان دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں ایک دوسرے سے سیکھ سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی سفارتی محاذ پر ردعمل قابل تحسین ہے۔

اس کے علاوہ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل کی ضرورت پر زور دیا۔

اسپیکر نورالدین اسماعیلوف نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کا حالیہ دورۂ ازبکستان دوطرفہ تعلقات کے لیے سنگِ میل ثابت ہوا۔