لاہور29ستمبر(اے پی پی) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ سے ہنگری کے سفیر زولٹن ورگا نے محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے دفتر میں ملاقات کی جبکہ اس موقع پر انکے ہمراہ ڈورا گنسبرگر اور غلام دستگیر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پنجاب اور ہنگری کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے مختلف پہلوو ¿ں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ، ثقافتی تعاون، تعلیم، سیاحت اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ شامل ہیں۔ دونوں جانب سے اس بات پر زور دیا گیا کہ مکالمہ اور تعاون ہی پاکستان اور ہنگری کے عوام کے درمیان باہمی سمجھ اور روابط کو مضبوط بنانے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ہنگری کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے عالمی تعاون کے فروغ میں ہنگری کے کردار کو سراہا اور پنجاب حکومت کے وڑن سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب صوبے میں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور جامع ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ایک پرامن، باہمی روادار اور شمولیتی معاشرے کے قیام کے لیے کوشاں ہے جہاں ہر شہری کو مذہب سے بالاتر ہو کر برابر کے حقوق اور مواقع حاصل ہوں۔ ہنگری جیسے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ روابط ہمیں بہترین عالمی تجربات سے استفادہ کرنے اور بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں مدد دیتے ہیں۔ہنگری کے سفیر زولٹن ورگا نے کہا کہ ہنگری تعلیمی تبادلوں، ثقافتی سفارتکاری اور عوامی روابط کے فروغ میں گہری دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے سیاحت کے فروغ میں تعاون کے امکانات کو اجاگر کیا اور پنجاب کی جانب سے بین المذاہب مکالمے اور اقلیتوں کے تحفظ کے اقدامات کو سراہا۔ دونوں رہنماو ¿ں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ اس طرح کی ملاقاتیں باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے اور پنجاب و ہنگری کے درمیان تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔











