اسلام آباد ، 22 ستمبر ( اے پی پی ): امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی سے وزارتِ ریلوے میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں نیٹلی اے بیکر کو پاکستان ریلوے کے ذریعے علاقائی روابط کے فروغ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، شراکت داری، سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ شراکت داری نئی سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع پیدا کرے گی، ریلوے شعبے میں شراکت داری سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے، وزیرِ ریلوے نے نیٹلی اے بیکر کو بتایا کہ پاکستان ریلوے میں تمام ترقیاتی اقدامات وزیراعظم کے وژن کے تحت کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ریلوے میں جدید ڈیجیٹائزیشن کے عمل کا آغاز کیا گیا۔ ہے۔ ریلوے اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے ساتھ معاہدے طے پا گئے۔ بڑے اسٹیشنز پر ایگزیکٹو CIP لاؤنجز اور جدید ویٹنگ ایریاز، ایسکلیٹر، جدید مانیٹرنگ سسٹم قائم کیے جا رہے ہیں اور 40 بڑے ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کے لیے مفت وائی فائی کی سہولت دی جا رہے۔
امریکی ناظم الامور نے پاکستان ریلوے کی اسٹریٹجک اہمیت پر اتفاق کا اظہار اور پاکستان ریلوے کے ساتھ تعاون میں دلچسپی ظاہر کی۔ امریکی ناظم الامور نے اتفاق کیا کہ ریلوے کی کامیابی سے ملکی معیشت کو بھی تقویت ملے گی، امریکی ناظم الامور نیٹلی اے بیکر نے پاکستان ریلوے کی اصلاحاتی کوششوں کو سراہا۔











