ورلڈ بینک وفد کی وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے ملاقات، صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

17

اسلام آباد، 22 ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے صحت سید مصطفیٰ کمال سے ورلڈ بینک کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان کے نظام صحت کو مضبوط بنانے کے لیے جاری اقدامات اور درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر صحت نے ورلڈ بینک کے تعاون سے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے مؤثر نفاذ کو یقینی بنانے کے لیے پروگرام کی مدت میں ایک سال کی توسیع کی تجویز دی۔ ورلڈ بینک کی درخواست پر مصطفیٰ کمال نے انٹر منسٹریل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کونسل کو فوری طور پر دوبارہ فعال کرنے اور اس ہفتے ہی بین الصوبائی وزارتی اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی تاکہ پالیسی سطح پر مربوط مشاورت کو یقینی بنایا جا سکے۔

وزیر صحت نے یہ بھی کہا کہ یونیورسل ہیلتھ کوریج سے متعلق اجلاس اسی ہفتے بلایا جائے تاکہ ملک بھر میں صحت کی سہولیات کی فراہمی کے دائرہ کار کو تیز رفتاری سے وسعت دی جا سکے۔ مزید برآں گلوبل فنانسنگ فیسیلٹی کے تحت خواتین، بچوں اور نوعمر افراد کی صحت و غذائیت کے لیے فوکل پرسن کی نامزدگی کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

ورلڈ بینک وفد نے آئندہ دو سے تین ماہ میں ایک ڈونر کانفرنس کے انعقاد کی تجویز پیش کی جس کا مقصد وزیر صحت کے اگلے دو سے تین سالہ وژن کو اجاگر کرنا اور پاکستان کے شعبہ صحت میں شراکت داری و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنا ہے۔ مصطفیٰ کمال نے اس تجویز کا پرجوش خیر مقدم کیا اور ڈونر کانفرنس کے انعقاد میں وزارت صحت کی طرف سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

وزیر صحت نے کہا کہ وزارت صحت اور ورلڈ بینک کے درمیان قریبی رابطے اور معلومات کے تبادلے کو فروغ دیا جائے گا اور پاکستان کے نظام صحت کو بہتر بنانے کے لیے باہمی تعاون کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے گا۔