ملتان، 12 ستمبر (اے پی پی): تحصیل جلالپور پیروالہ میں سیلاب متاثرین کے لیے خوراک اور راشن کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے ایلیمنٹری سکول نمبر1 جلالپور پیروالہ میں سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹریز ظہور حسین بھٹہ، عبدالصبور ٹھاکر، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اور پی ایس او غلام سرور بھی موجود تھے۔
راشن پیک آٹا، دال چنا، دال مونگ، دال مسور اور کوکنگ آئل پر مشتمل تھے، یہ فوڈ پیک سماجی تنظیم سیو دی چلڈرن کی جانب سے فراہم کیے گئےتھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ پنجاب حکومت تحصیل جلالپور پیروالہ میں 14 ہزار سے زائد سیلاب متاثرین کی میزبانی کر رہی ہے اور متاثرہ خاندانوں کو روزانہ ناشتہ، دو وقت کا کھانا اور بچوں کو دودھ فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت ہے کہ سیلاب متاثرین کی بہترین میزبانی کو یقینی بنایا جائے ،اعلیٰ کوالٹی کا کھانا فراہم کیا جائے۔فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ متاثرین کو جلد اپنے گھروں میں آباد کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں اہلِ ثروت حضرات آگے بڑھ کر متاثرہ خاندانوں کی مدد کریں۔سیلاب متاثرین کی مدد ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے تنظیم سیو دی چلڈرن کے فوڈ ایمرجنسی پروگرام کو بھی سراہا اور اسے قابلِ تعریف قرار دیا۔











