لودھراں،10 ستمبر (اے پی پی): معروف سماجی رہنما اور سیاستدان جہانگیر خان ترین نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ بدھ کے روز ان کی جانب سے جھوک جانن چک نمبر 92 ایم، مین خان واہ روڈ پر 600 متاثرہ گھرانوں میں راشن کی تقسیم کا اہتمام کیا گیا۔ متاثرہ خاندانوں میں خوراک اور ضروری اشیاء پر مشتمل امدادی پیکٹ تقسیم کیے۔ اس اقدام کا مقصد سیلاب کی تباہیوں سے دوچار خاندانوں کے فوری اور بنیادی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔مستفید ہونے والوں نے جہانگیر خان ترین کے اس عمل کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے مشکل کے اس وقت میں ان کا حوصلہ بڑھا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسے میں ہر فرد کو متاثرین کی مدد کے لیے آگے آنا چاہیے۔
جہانگیر خان ترین نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنی امدادی کوششوں کو متاثرہ علاقوں میں جاری رکھیں گے اور ہر ممکن طور پر سیلاب زدگان کی خدمت کریں گے۔یہ ان کی مسلسل کوششوں کا حصہ ہے، جس کے تحت وہ پورے علاقے میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔











