لودھراں،10ستمبر (اے پی پی): لودھراں انتظامیہ کا سیلابی علاقوں سے لوگوں کے ہنگامی انخلاء کا آپریشن جاری ہے، اس مقصد کیلئےڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے سیلاب متاثرہ علاقوں جاگیر ہوڑا، حیات پور،سعدی والا کے دورے کئے۔اے ڈی سی آر سید وسیم حسن شاہ،اے سی ارم شہزادی،ڈی ای او شکیل احمد ودیگر افسران ہمراہ تھے۔ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے سیلابی پانی،انخلا عمل کا موقع پر معائنہ کیا،ڈی ای او شکیل احمد نے ریسکیو سرگرمیوں،ساز وسامان بارے بریفنگ دی۔ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع میں لوگوں،جانوروں کی محفوظ مقامات پرمنتقلی خوش آئند ہے،متاثرین کی سہولت کیلئے ریسکیو وسائل کو یقینی بنارہے ہیں۔ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے ریسکیو بوٹس و دیگر آلات کا معائنہ کیا۔انہوں نے کہا تکلیف دہ صورتحال میں عوامی خدمت عبادت ہے،ہمیں ریسکیورز و دیگر ملازمین پر فخر ہےجو دن رات لوگوں کو محفوظ مقامات پر پہنچا رہے ہیں، ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف جلد سیلاب زدگان کیلئے ریلیف پیکیج کا اعلان کریں گی،متاثرہ علاقوں سے لوگوں و مویشیوں کے انخلاء میں کامیاب رہے ہیں، ضلعی انتظامیہ،پولیس الائیڈ محکموں کی کاوشیں کامیاب رہی ہیں،سیلاب زدگان کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں گے۔











