لودھراں ,20ستمبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کی خصوصی ہدایت پر دنیاپور میں گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی گئیں۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی اور اسسٹنٹ کمشنر دنیاپور غلام مصطفیٰ جٹ کی قیادت میں مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، جہاں سے 4 ہزار بوریاں برآمد ہوئیں جو ذخیرہ اندوزوں نے مصنوعی بحران پیدا کرنے کے لیے چھپا رکھی تھیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی نے کہا کہ گندم ذخیرہ کرنے اور مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ گندم کا سرکاری نوٹیفائیڈ ریٹ 3 ہزار روپے فی من ہے اور اس پر کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ گندم کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔ کارروائی کے دوران ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر ندیم عباس اور ایس ڈی ای او پیرا مظہر عباس بھی موجود تھے۔











