سیلابی صورتحال: صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات کا قصور کا دورہ، چوہنگ، گنڈا سنگھ بارڈر اور جے سی پی بارڈر پر سیلابی پانی کی صورتحال کا جائزہ

9

لاہور، 10 ستمبر (اے پی پی): صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے قصور کے مختلف علاقوں، چوہنگ، گنڈا سنگھ بارڈر اور جے سی پی بارڈر کا دورہ کر کے سیلابی پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔  اس موقع پر محکمہ ہائی وے اور بریج ونگ کے افسران نے صوبائی وزیر کو متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے متاثرہ شاہراہوں اور دریائی بند کو مضبوط بنانے کے کام کا جائزہ لیتے ہوئے سٹاف اور مشینری کی رفتار کو چیک کیا۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ چوہنگ، ماہلنوال اور قصور میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ نے شاہراہوں اور انفراسٹرکچر کی بحالی کا مکمل پلان تیار کر لیا ہے۔ جہاں سے سیلابی پانی کم ہو رہا ہے، وہاں بحالی کے کام کی رفتار مزید بڑھا دی گئی ہے۔