لاہور، 5 ستمبر (اے پی پی): وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ کسانوں اور زمینداروں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے اور ان کے ازالے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی فلور پر کسانوں اور زمینداروں کے حق میں آواز بلند کریں گے اور جلد انہیں ریلیف کے حوالے سے اچھی خبر دیں گے۔ رانا سکندر حیات مختلف اضلاع میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کے دوران کیمپوں میں پہنچے، جہاں انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو یقین دلایا کہ ان کے گھر دوبارہ آباد ہوں گے، سکول بحال کیے جائیں گے اور خوشیاں واپس لوٹیں گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ایک ایک کیمپ میں جا کر متاثرین سے ملاقات کر رہا ہوں اور انہیں درپیش مسائل اور سہولیات کے بارے میں دریافت کر رہا ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے ریلیف کیمپوں میں کھانے کے معیار، طبی سہولیات اور دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ رانا سکندر حیات بچوں میں گھل مل گئے اور ان میں کھلونے اور تحائف بھی تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑی ہیں اور مجھے آپ کی خیریت دریافت کرنے کے لیے بھیجا ہے۔ آپ نے پریشان نہیں ہونا، حکومت آپ کے ساتھ ہے اور مشکل وقت کا مل کر مقابلہ کیا جائے گا۔











