لودھراں، 15 ستمبر (اے پی پی): لودھراں کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے خوشی اورتفریح کے لمحات مہیا کرنے کی ایک شاندار مثال سامنے آئی،جب گورنمنٹ ڈگری کالج کے ریلیف کیمپ میں ایشیاء کپ کے پاک ـ بھارت ٹی ٹوئنٹی میچ کی بڑی اسکرین پر خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کی زیر نگرانی منعقدہ اس پروگرام میں سیلاب متاثرین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ میچ کے دوران کیمپ میں قومی جوش و جذبے کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے میں آیا، جہاں بچے قومی پرچم لہراتے رہے اور عوام پاکستان کرکٹ ٹیم کے حق میں نعرے لگاتے رہے۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے میچ کے دوران خواتین سے ملاقاتیں کیں اور بچوں کے درمیان بیٹھ کر میچ دیکھا،جس سے متاثرین میں خاصا جوش و خروش پایا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن شاہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یلاب متاثرین کو اس مشکل وقت میں خوشی کے لمحات فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔ تفریح ذہنی دباؤ اور ٹینشن سے نجات کا مؤثر ذریعہ ہے، اور موجودہ حالات میں ایسی سہولیات کسی نعمت سے کم نہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن شاہ نے کہا کہ متاثرین کے مسکراتے چہرے دیکھ کر دل کو خوشی ملی، جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ آئندہ بھی متاثرین کے لیے ایسے تفریحی مواقع فراہم کرتی رہے گی تاکہ ان کے حوصلے بلند رہیں۔
اس موقع پر پولیس اور سول ڈیفنس کے اہلکار سیکیورٹی کے لیے الرٹ رہے تاکہ پروگرام پرامن انداز میں مکمل ہو۔لودھراں میں ضلعی انتظامیہ کی یہ مثبت کاوش معاشرتی بہبود اور انسانی ہمدردی کی بہترین مثال ہے، جسے عوامی سطح پر خوب سراہا جا رہا ہے۔











