لودھراں؛ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے مختلف علاقوں میں اجتماعی دسترخوان قائم

30

لودھراں،15 ستمبر (اے پی پی): ضلع لودھراں میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے مختلف علاقوں میں اجتماعی دسترخوان قائم کر دیئے ہیں،ان دسترخوانوں میں روزانہ کی بنیاد پر سینکڑوں متاثرین کو مفت کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ڈپٹی کمشنر لودھراں ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کی زیرنگرانی ان اقدامات کو مؤثر طریقے سے عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے جاگیر ہوڑا، منشی والا، حویلی نصیر خان اور موضع دستی جیسے متاثرہ علاقوں میں خود میزبانی کے فرائض انجام دیے اور متاثرین میں کھانا تقسیم کیا۔متاثرین کو چکن قورمہ، نان اور تندوری روٹی پر مشتمل کھانا فراہم کیا جا رہا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی نے انتظامات کی خود نگرانی کرتے ہوئے متاثرین میں کھانا تقسیم کیا اور ان کے مسائل بھی سنے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محفوظ مقامات پر منتقل ہونے والوں کو کھانا پہنچانا بھی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے کہا کہ قدرتی آفات سے اکیلے نمٹنا ممکن نہیں، ہمیں متحد ہو کراجتماعی کاوشیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے مخیر حضرات کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کار خیر میں ان کا ساتھ قابل ستائش ہے۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سیلابی پانی میں مکمل کمی کے بعد ہی متاثرین کو گھروں کو واپس جانے کی اجازت دی جائے گی تاکہ ان کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔