سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کا اجلاس، لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ

21

لاہور، 9 ستمبر (اے پی پی ):سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ریلویز کا اجلاس گزشتہ روز ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں چیئرمین کمیٹی جام اللہ خان کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر دوست محمد خان، کامل علی آغا اور ناصر محمود نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ریلوے ورکشاپس ڈویژن کی کارکردگی اور استعداد کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ پاکستان ریلویز چین کے تعاون سے ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کے تحت اپنی کوچز خود تیار کر رہی ہے، جنہیں مرحلہ وار نظام میں شامل کیا جا رہا ہے۔مزید بتایا گیا کہ پاکستان ریلویز اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مختلف منصوبوں پر اشتراک جاری ہے جن میں ٹریکس کی اپ گریڈیشن، سب اربن ٹرینوں کی بحالی، اسٹیشنوں کی صفائی ستھرائی اور ریلوے اسٹیشنز کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن شامل ہیں۔کمیٹی کے ارکان نے زور دیا کہ ریلوے بلا تفریق تمام صوبوں میں مساوی سہولیات فراہم کرے اور اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔بعد ازاں کمیٹی ممبران نے لاہور ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور وہاں نصب ایسکیلیٹرز، وی آئی پی لاؤنج، فیملی لاؤنج اور صفائی ستھرائی کے نظام کا جائزہ لیا۔