سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر کا جلال پور پیر والہ میں ریسکیو 1122 کی پوسٹ کا دورہ

25

جلال پور پیر والہ 17 ستمبر )اے پی پی):سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے جلال پور پیر والہ میں ریسکیو 1122 کی پوسٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سیلاب سے متاثرہ شہریوں سے ملاقات کی اور انہیں ہر ممکن تعاون اور مدد کی یقین دہانی کرائی۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ریسکیو 1122 عوام کی خدمت کیلئے دن رات بلا تعطل کام کر رہا ہے اور متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں عوام الناس کی خدمت ہی ریسکیورز کا مشن ہے اور اس مشن کو ہر صورت جاری رکھا جائے گا۔انہوں نے کئی ہفتوں سے سیلابی علاقوں میں ڈیوٹی سرانجام دینے والے ریسکیورز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہلکار مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر عوام کی خدمت کا فریضہ سرانجام دیا۔

ترجمان ریسکیو پنجاب کے مطابق، ریسکیو 1122 متاثرہ عوام کی خدمت کے لئے 24 گھنٹے موجود ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کی جا رہی ہے۔