شہید کیپٹن تیمور حسن کو خراجِ عقیدت، وفاقی وزراء کی اہلِ خانہ سے ملاقات

17

 

‎ اسلام آباد، 14 ستمبر ( اے پی پی): وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی شہید کیپٹن تیمور حسن کی رہائش گاہ آمد ،   شہید کے والد بریگیڈیئر (ر) حسن عباس اور ہونے والے سسر سے ملاقات کی۔

‎دونوں وزراء نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کیپٹن تیمور حسن کے درجات کی بلندی کے لیے دعا اور فاتحہ خوانی کی گئی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے شہید کے اہل خانہ کے حوصلے اور صبر کو سراہتے ہوئے کہا کہ

‎”جوان اور اکلوتے بیٹے کی جدائی کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا جبکہ آپ کے حوصلے اور ہمت کو سلام پیش کرتا ہوں۔

‎وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ کیپٹن تیمور شہید ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گے۔ ان کی قربانی کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔محسن نقوی نے شہید کیپٹن تیمور حسن کو ملنے والے اعزازات، ایوارڈز اور سرٹیفکیٹس کا بھی مشاہدہ کیا۔

‎شہید کے والد بریگیڈیئر حسن عباس نے اس موقع پر کہا کہ میرا بیٹا اللہ تعالیٰ کی امانت تھا، جو اس نے واپس لے لی۔ ہر کسی نے رب کے پاس لوٹنا ہے، اور جو عزت سے واپس جائے وہی کامیاب ہے۔یاد رہے کہ کیپٹن تیمور حسن کی شہادت کے تین روز بعد ان کی شادی  طے  ہونا تھی۔