لودھراں،14 ستمبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور فیلڈ سرگرمیوں کے دوران متاثرین سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے سیلابی پانی کے پھیلاؤ کا جائزہ لیا اور فلڈ بندوں کی مضبوطی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر نظر ثانی کی۔ڈپٹی کمشنر نے گورنمنٹ کالج کے فلڈ ریلیف کیمپ میں بھی آمد کی، جہاں انہوں نے وہاں رہائش پذیر خواتین سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلابی صورتحال کے دوران خواتین اور بچوں کو خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے بیوٹی پارلر میں بچیوں کی کٹنگ کا بھی مشاہدہ کیا اور ننھے بچوں اور بچیوں میں بکس، اسٹیشنری اور سپورٹس سامان تقسیم کیا۔ اس کے علاوہ، انہوں نے عوامی نمائندوں سے ملاقات کی اور سیلاب متاثرین کو فوری طور پر ریلیف کیمپس میں منتقل ہونے کی ہدایت دی۔
ڈپٹی کمشنر نے فلڈ بندوں کی مضبوطی کو ترجیح دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین کوشش سیلابی پانی سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے عوامی نمائندوں کے ہمراہ سیلاب متاثرہ علاقوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور کہا کہ حکومت پنجاب متاثرین کو تمام تر سہولیات فراہم کرنے کے لیے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔سیلابی پانی کی شدت کا مشاہدہ کرتے ہوئے، ڈاکٹر لبنیٰ نذیر نے بستی رپاں والا کا بھی دورہ کیا اور سڑک کے نیچے سے پانی کے کٹاؤ کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انہیں علاقے سے فوری طور پر منتقل ہونے کی ہدایت دی تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر کی یہ سرگرمیاں لودھراں میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک نیا حوصلہ اور امداد کا پیغام لے کر آئیں۔











